وزیراعلی پنجاب کی ملتان آمد سے قبل مارکیٹیں بند ۔دکاندار پریشان

نیا پاکستان بھی پرانی ڈگر پرچل پڑا،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکی ملتان آمد سے قبل مارکیٹیں بند کروادی گئیں جس کے باعث شہری پریشان ہوگئے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ملتان آمد سے قبل ہی سیوڑہ چوک، سورج میانی، چونگی نمبرایک کی تمام دکانیں بند کرادی گئیں جس سے شہری پریشان ہوگئے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہماری دکانیں یہ کہہ کربند کروا دی گئیں کہ وزیراعلی آرہے ہیں، یہ تو کہتے تھے پروٹوکول نہیں لیں گے۔

وزیراعلی پنجاب خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان ایئر پورٹ پہنچیں گے۔ ان کی آمد پر900 پولیس افسران و اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جب کہ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیراعلی ایئر پورٹ سے پولیس ٹریننگ انسٹیوٹ جائیں گے، پولیس اورٹریفک اہلکارایئرپورٹ سے پولیس ٹریننگ انسٹیوٹ والے روڈزپرتعینات رہیں گے، پاسنگ آوٹ پریڈ ریکروٹ بیج نمبر57 پولیس ٹریننگ اسکول ملتان سے آج پاس آوٹ ہوگا۔ بیج نمبر 57 کے 1147 ریکروٹس کانسٹیبل پاس آوٹ ہوں گے، پاس آوٹ ہونے والے ریکروٹس کا تعلق ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ملتان اور فیصل آباد ڈویثرن سے ہے۔