کوٹ مومن میں دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث یوسی چیئرمین اور اسکے ساتھیوں کی رہائی پر ان کے حامیوں نے بھرے بازار میں آتشی اسلحہ سے آندھادھند فائرنگ کردی،جس پر پولیس نے یوسی چیئرمین کواقدام قتل،فائرنگ، دہشتگردی کے مقدمہ میں ساتھیوں سمیت دوبارہ گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق اغواء برائے تاوان ڈکیتی ،دہشت گردی ،بھتہ خوری سمیت سنگین وارداتوں کے مقدمہ میں ملوث یونین کونسل کوٹ راجہ کے لیگی چیئرمین عامر شہزاد رانجھاکوکوٹ مومن پولیس نے گزشتہ سال ساتھیوں سمیت گرفتارکرکے جیل بھیج دیاتھا۔
عامرشہزادرانجھا کی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر انہیں سرگودھاجیل سے وائس چیئرمین ضلع کونسل خوشاب ملک وارث بگھور کی سرکاری گاڑی میں لے جاکر انکے حامیوں نے مین بازار کوٹ مومن میں جشن مناتے ہوئے آتشی اسلحہ سے آندھادھند فائرنگ کردی جس سے بازار میں خوف وہراس پھیل گیااور تاجروں نے ڈر کے مارے اپنی دوکانیں بند کردیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوٹ مومن پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے وائس چیئرمین ضلع کونسل خوشاب ملک وارث بگھور سمیت 16نامزد اور 8نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشت گردی ۔اقدام قتل ،کارسرکار میں مزاحمت سمیت سات سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ پولیس نے عامر شہزاد رانجھا کو اقدام قتل،فائرنگ، دہشتگردی کے مقدمہ میں ساتھیوں سمیت ایک بار پھر گرفتار کر لیا ہے ۔