پاکستان نے زمین سے زمین پر مختصر فاصلے تک مار کرنے والے نصر میزائل کا ایک اور تجربہ کیا ہے تاہم اس تجربے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بھارتی میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کیلئے پیرامیٹرز کی جانچ کی گئی ہے۔
گذشتہ 7 دن میں نصر میزائل کی یہ تیسری لانچ ہے۔ اس سے پہلے 24 جنوری کو ایک ساتھ چار نصر میزائل لانچ کرنے (quad salvo) کا تجربہ کیا گیا تھا۔ جبکہ 28 جنوری اور 31 جنوری کو سنگل شاٹ کے تجربات کیے گئے۔
میزائل تجربات آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ کی مشقوں کے دروان کیے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مشقوں کے دوسرے مرحلے میں نصر میزائل کے تجربات کا مقصد اس کی دوران پرواز رخ بدلنے کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔ بالخصوص آخری مرحلے پر رخ بدلنے کی اس صلاحیت کے بدولت میزائل ’’پڑوسی ملک‘‘ کے بیلسٹک میزائل دفاع کو ناکام بناتے ہوئے یقینی طور پر دشمن کی حدود میں داخل ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ بھارت نے مقامی سطح پر دو قاسم کے میزائل دفاعی نظام تیار کر رکھے ہیں جبکہ کچھ عرصہ قبل ہی اس نے روس سے جدید ایس 400 میزائل دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے میزائل تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، کمانڈر آرمی استریٹجک فورسرز کمانڈ، چیئرمین نیسکام سمیت اعلیٰ افسران اور سائنسدان موجود تھے۔
صدر اور وزیراعظم نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور مشقوں میں شریک فوجیوں کو مبارک باد دی ہے۔