کراچی میں ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے رائس ایکسپورٹرز کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھولتے ہوئے ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ظہرانے میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ چاول کی برآمدات کو 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے قائم کردہ ٹاسک کو حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چاول کی برآمدات کا حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جسے ریپ کے رکن برآمد کنندگان نے از خود 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انڈسٹری، کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ رائس ایکسپورٹرز پاکستان کا کماؤ پوت ہیں جنہیں حکومت اہمیت دیتی ہے اور جلد موجودہ حکومت کی حکمت عملی سے ہونے والی معاشی ترقی نظر آئے گی۔

گورنر سندھ نے ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کو بین الاقوامی فیسٹیول کا درجہ دیا جائے گا، فیسٹول کا افتتاح صدر مملکت کریں گے۔