نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کر دیا گیا

سابق وزیراعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔سروسز اسپتال میں 3رکنی میڈیکل بورڈ نواز شریف کا معائنہ کرئے گا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کواسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی، محکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف کی سروسز اسپتال منتقلی کی تجویز دی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کواسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کےمطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کو مراسلہ بھجوادیا جس میں سابق وزیراعظم کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی ہے۔

مراسلے میں نوازشریف کو لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی ناساز طبعیت کے پیش نظر انہیں جیل سے باہر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے۔ سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

اس حوالے سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ میڈیا رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ ان کے والد کی بیماری بڑھ رہی ہے اور ان کی زندگی کو خطرہ ہے۔