مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر مکمل ہڑتال،کشمیری سراپا احتجاج

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے جن کی آمد سے قبل ہی کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر قابض انتظامیہ نے پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ جگہ جگہ چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

حریت رہنماؤں نے نریندر مودی کی آمد پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ قابض بھارتی فوج نے ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے حریت رہنماؤں کو نظر بند کر دیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی لداخ اور جموں کا دورہ کریں گے۔ کشمیری عوام کی جانب سے احتجاج کے پیش نظرسری نگر سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے اقدامات انتہائی سخت کیے گئے ہیں جب کہ قابض فوج ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی لوگوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کا دور حکومت رواں برس اختتام پذیر ہونے کو ہے اور کشمیر کے موجودہ دورے کو مشکلات میں گھری بے جی پی کی الیکشن کی تیاریاں قرار دے رہے ہیں۔