مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نوازوالد نوازشریف کی عیادت کے بعد سروسز ہسپتال سے روانہ گئیں، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور بیٹے جنید صفدر بھی نوازشریف کی خیریت دریافت کرنے ان کے ساتھ آئے تھے۔
سابق وزیراعظم کی عیادت کیلیے ان کی صاحبزادی مریم نواز سروسز ہسپتال آئیں۔ وہ اپنے والد کیلیے خاص طور پر ان کی پسند کا کھانا بھی ہمراہ لائی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال کے باہر ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مریم نواز شریف اسپتال پہنچیں تو کارکنان نے نعرے لگا کران کا استقبال کیا۔
مریم نواز کے ہسپتال آمد پر صحافیوں نے ان سے گفتگو کرنے کی کوشش کی ، ایک صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ ” آپ نوازشریف کے علاج کے حوالے سے آج کچھ گفتگو نہیں کریں گی ؟ جس پر مریم نواز نے جواب نہیں دیا اور وہ ہسپتال میں داخل ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے والد کا حوصلہ بڑھایا جب کہ نوازشریف نے اب تک علاج کے متعلق بیٹی کو آگاہ کیا۔انہوں نے نوازشریف کے میڈیکل ٹیسٹوں کے متعلق ڈاکٹرز سے معلومات لیں۔ نوازشریف نے کیپٹن صفدر اور ان کے داماد راحیل منیر سے بھی گفتگو کی۔
نوازشریف خرابی صحت کے باعث سروسز ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں ان کے روٹین ٹیسٹ کے علاوہ دل کا معائنہ بھی جاری ہے۔ نوازشریف کو میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج ان کے معائنے کیلئے چوتھا تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لے گا جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ نوازشریف کو ہسپتال میں ہی رکھا جائے یا جیل بھجوا دیا جائے۔