وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ادراک ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں تاہم حکومت معاشی حالات کی بہتری کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی حکومت، صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومتی قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے عوامی مسائل کے مربوط حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے صوبوں اور وفاق کے درمیان رابطوں کو بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چھ ماہ کی مدت مکمل کر نے جا رہی ہے، پی ٹی آئی کے ملک کی بہتری کے لیے اقدامات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مشکل ترین وقت میں حکومت سنبھالی ہے، ترقی اور اسپیڈ کے دعوے کرنے والے کس طرح کا پاکستان اور کیسے حالات چھوڑ کر گئے، ادراک ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں تاہم حکومت معاشی حالات کی بہتری کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔