پاکستان کےخلاف سازشیں ناکام بنائیں گے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنی سرحدوں کے تحفظ سمیت مربوط قومی ردعمل پر بھرپور توجہ ہے، ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں جیو اسٹریٹیجک صورتحال اور داخلی سیکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں علاقائی امن بالخصوص افغانستان میں مفاہمتی عمل پر پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

اجلاس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے معصوم کشمیریوں پر مظالم بھی زیر بحث آئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں سرحد پار سے کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں ورکنگ باؤنڈری اور مشرقی سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے برسر پیکار کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اپنی سرحدوں کے تحفظ سمیت مربوط قومی ردعمل پر بھرپور توجہ ہے، ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے لیے حاصل کردہ کامیابیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ امن کی بہتر صورتحال کے ثمرات لوگوں تک پہنچیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ داخلی سیکیورٹی کے ثمرات عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کی شکل میں آنے چاہئیں۔