لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے شعیب ملک اور محمد حفیظ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق اگاہ کرتےہوئے کہاکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہرسیریزکے بعدکھلاڑیوں،کوچ اورٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی دیکھتے ہیں ، ہمیشہ پاکستان کرکٹ اورٹیم کی بہتری سے متعلق سوچتے ہیں، محمدحفیظ،شعیب ملک ورلڈکپ 2019کے بعدریٹائرمنٹ لے لیں گے، محمدحفیظ سمیت تمام کھلاڑی صرف پاکستان کیلئے کھیلتے ہیں، ہارجیت کھیل کاحصہ ہے،ٹیم کی کارکردگی بہترہونی چاہیے۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ سرفراز ہی پاکستان کے کپتان ہیں اور ورلڈ کپ میں وہ ہی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ وہ قیادت کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جہاں انہوں نے انڈر 19، کراچی اور پی آئی اے کی قیادت کی اور ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے۔