’کوئی ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کےبغیرنہیں ہوسکتی‘

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہا ہے کہ 8تاریخ کو پریس کانفرنس کر کے سیاسی حالات سے متعلق قوم کو بتاؤں گا، کوئی ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کےبغیرنہیں ہوسکتی۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بلاول نے مجھ سے متعلق غلط بات کی تھی، وہ بچہ ہے، میرا جانی ہے، اس نے معافی مانگ لی، اسے میں نے معاف کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ صلح صفائی کو پسند کرتا ہے، آصف زرداری اورنوازشریف نےملکی خزانہ لوٹا،کسی بھی صورت ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کوچلاناشہبازشریف کاکام ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے تک وہ پی اے سی کو چلائیں، پروڈکشن آرڈر جاری کرنا آئینی اور قانونی بداخلاقی ہے، وزیراعظم نے میرا نام خود پی اے سی میں شامل کیا،کیا میں پاگل ہوں جو لڑائی جھگڑا کروں گا؟ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جھگڑا کرنے نہیں جا رہا، لڑائی تو ان کالے کیمروں کی ہے،مجھے 11کروڑ مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور عوام دیکھ رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی ہمت ہے کہ انہوں نے اتنے عرصے تک معیشت کو سنبھالا ہوا ہے، 8تاریخ کو پریس کانفرنس کر کے سیاسی حالات سے متعلق قوم کو بتاؤں گا، کوئی ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کےبغیرنہیں ہوسکتی، عوام سے ایک سال کی مہلت مانگی تھی، ایک سال میں ریلوے کو مثالی بنائیں گے، میں سچا آدمی ہوں، ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، آئندہ دو تین ماہ میں عوام پرمزیدبوجھ بڑھےگا، آئی ایم ایف کے پاس جانے سے باقی اداروں کے پاس جانے کا دروازہ بھی کھل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ چوروں، ڈاکوؤں نے لوٹا ہے، ہم نےسنگل ٹینڈر کے ٹھیکے منسوخ کر دیے ہیں، میں ہفتےمیں 2دن کراچی اور 2دن لاہور میں بیٹھوں گا، فریٹ ٹرینوں کے لیے اپنا دفتر کراچی منتقل کر دیا ہے، ریلوے کو ’کماؤ پتر‘ بنائیں گے کسی پر بوجھ نہیں بنیں گے، ہمارے پاس پیسوں کی کمی ہے جس کے باعث مشکلات ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور خانیوال اسٹیشن کو اپ گریڈ کریں گے، وزیراعظم تھل ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، لٹیروں اور ڈاکوؤں کی وجہ سے ریلوے کی حالت خراب ہوئی، سسٹم خراب ہو گیا ہے، قوم کو ہمت کر کے آگے چلنا ہے، پکا بھروسہ ہے کہ ایک سال میں قوم کے مسائل حل کر لیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہا ہے کہ 8تاریخ کو پریس کانفرنس کر کے سیاسی حالات سے متعلق قوم کو بتاؤں گا، کوئی ڈیل یا ڈھیل وزیراعظم کی اجازت کےبغیرنہیں ہوسکتی۔