مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا، بقول وزیرِ خزانہ، حکومت نے آئی ایم ایف جانے سے پہلی ہی شرائط مان لی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کی آئی ایم ایف سے ملاقات پر کہا کہ حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی ہے تو پھر یہ ملاقات کا ڈرامہ کیوں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بقول وزیرِ خزانہ اسد عمر کے کہ حکومت نے آئی ایم جانے سے پہلے ہی شرائط مان لی ہیں جب کہ حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی کا بم گرا چکی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ روپے کی قدر میں 35 فیصد سے زائد کمی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے جب کہ آئی ایم ایف کے پیکج سے پہلے ہی حکومت ہر سبسڈی بشمول حج ختم کرچکی ہے۔
مسلم لیگ نون کی رہنما نے سوال اٹھایا کہ وزیر اعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی ؟ قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جا رہی ہیں ؟
انہوں نے کہا کہ قوم کو مزید مہنگائی کی کون سی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور قوم کو بتایا جائے کہ اب روپے کی قدر میں مزید کتنی کمی ہوگی اور ڈالر کس ریٹ پر ملے گا ؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمان اور قوم سے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ انداز میں کر رہے ہیں جب کہ قوم حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کے ایک اور طوفان کی تیاری کر لے۔