حکومت نیب سمیت کسی ادارے میں مداخلت نہیں کر رہی،گورنر پنجاب

لاہور :گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ احتساب کے تمام ادارے مکمل طور پر آزاد ہیںاور حکومت کےتین وزراء نے صرف الزامات پر استعفے دیکرنئی مثال قائم کردی ہے۔سنٹر ل جیل ملتان میں فلٹریشن پلانٹس لگانے کے موقع پر میڈیا ، اراکین اسمبلی اورپارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت نیب سمیت کسی ادارے میں مداخلت نہیں کر رہی، اگر حکومت اداروں میں مداخلت کر رہی ہوتی تو کیا علیم خان گر فتار ہوتے ؟انہوں نے کہاکہ علیم خان سمیت ہمارے تین وزرا نے استعفیٰ دیا ہے جواس کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان22سالوں سے ملک میں کر پشن کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور آج اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ صرف حکومت ہی نہیں عوام اور سیاسی جماعتیں بھی ملک میں احتساب کی حامی ہیں، ہم پہلے دن سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ملک کی تر قی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ ملک سے کر پشن کو جڑ وں سے ختم کیا جائے کیونکہ کر پشن ہر لحاظ سے ملک کیلئے کینسر سے زیادہ خطر ناک ہے۔
گورنر پنجاب نے کہاکہ پنجاب حکومت کے فیصلے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ہی کر رہے ہیں ، پاکستان کی تمام جیلوں میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس لگائیں گے اور2لاکھ روپے تک جر مانہ کی وجہ سے جیلوں میں قید قیدیوں کو رہائی دلائیں گے ۔