پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہاہے کہ آئی ایم ایف پیکج سے عوام کے لئے مہنگائی کا نیا سونامی آنے والا ہے، قوم کو بتائیں کہ نئےآئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج میں گیس، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کتنا اضافہ ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان کہا ہےکہ نااہل حکومت نے اپنی نااہلی کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے، جس ٹیم پر وزیراعظم کو خود اعتماد نہیں، اُس ٹیم پر عوام کیسے اعتماد کرے۔
ترجمان (ن) لیگ نے سوال کیا کہ چوروں کی طرح آئی ایم ایف سے خفیہ شرائط طے کرنے کی بجائے پارلیمان کو آگاہ کیوں نہیں کیا جارہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا، یوٹیلیٹی اسٹور بند اور حج سبسڈیز ختم کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹی، نالائق حکومت قوم کو دھوکہ دے رہی تھی، حکومت چور دروازے سے آئی ایم ایف سے پیکج ڈیل پہلے ہی فائنل کرچکی تھی، نالائق، عوام دشمن حکومت آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط چھپا کیوں رہی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آئی ایم ایف پیکج سے عوام کے لئے مہنگائی کا نیا سونامی آنے والا ہے، قوم کو بتائیں کہ نئےآئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج میں گیس، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کتنا اضافہ ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ عمران صاحب بتائیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پر کیا طے ہوا، روپے کی قدر میں مزید کمی، ڈالر کی قیمت میں اضافے اور اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے معاشی قیامت کا منظر پیدا ہوجائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو بتائیں نئے آئی ایم ایف پیکج سے افراط زر میں مزید کتنے فیصد اضافہ ہوگا اور جی ڈی پی گروتھ ریٹ کتنے فیصد بڑھےگا۔