حکومت پاکستان کا حج پالیسی 2019 کااعلان کردیا ہےجس کے تحت حج درخواستیں 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول کی جائیں گی جبکہ درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار اور نجی اسکیم میں 71 ہزار 610 افراد حج کریں گے۔
80 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 10 ہزار حج کوٹا مختص کیا گیا ہے، اس کے علاوہ حج قرعہ اندازی میں 3 سال سے ناکام رہنے والوں کے لیے بھی 10ہزار کوٹا مختص کیا گیا ہے۔
حج پالیسی کے مطابق شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات بغیر قربانی 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے ہوں گے جبکہ قربانی کے اخراجات 19 ہزار 451 روپے الگ ہوں گے تاہم جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات بغیر قربانی 4لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہوں گے۔
حج اخراجات میں اضافے کا اعلان رواں ماہ کے شروع میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد کردیا تھا۔ تاہم اس کے بعد امید ظاہر کی جارہی تھی کہ حج پالیسی کے باضابطہ اعلان سے پہلے حکومت شاید سبسڈی دینے پر آمادہ ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
جاری کردہ حج پالیسی میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کرسکیں گے۔