ٹیکساس میں ایک شخص چرس پینے کی غرض سے ویرانے میں ایک گھر میں داخل ہوا جہاں اس نے گھر کے اندر موجود شیر کو دیکھا۔ جس کے بعد اس شخص نے شیر کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی۔
ٹیکساس پولیس کے مطابق جب اس شخص نے پولیس کو یہ بتانے کے لئے کال کی کہ اس نے گھر کے اندر شیر دیکھا ہے تو پولیس کو لگا کہ کوئی انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
ہاسٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کے آفیسر جیسن ایلڈیریٹ کے مطابق ’ہم نے ان سے سوال کیا کہ کیا واقعی انہوں نے شیر کو دیکھا ہے یا وہ نشے کی حالت میں ایسی باتیں کر رہے ہیں‘۔
لیکن جب پولیس اس گھر میں پہنچی تو وہاں واقعی ایک بڑا شیر موجود تھا، جوکہ گیراج کے اندر ایک تنگ پنجرے میں بند تھا۔
پولیس کے مطابق شیر کے قریب گوشت کے کچھ ٹکڑے رکھے ہوئے تھے، لیکن اس کے علاوہ گھر میں ایسی کوئی چیز موجود نہیں تھی کہ جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکے کہ گھر میں کوئی رہتا تھا جبکہ پولیس نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اس معاملے پر تحقیقات کریں گے کہ آخر شیر یہاںپر کیسے پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ شہری جس نے پہلی بار شیر کو دیکھا وہ اس گھر میں نہیں رہتا تھا، اور چرس پینے کے لئے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا ۔
پولیس نے شیر کے پنجرے کے بارے میں بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ شیر کے پنجرے کو پیج کس اور نائلون کے پٹوں کی مدد سے محفوظ بنایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق شیر کو پنجرے کے اندر پرسکون ہونے کے باوجود بھی اسے بے ہوش کر دیا گیا تاکہ اینیمل ریسکیو آفیسر اسے حفاظت سے لے کر جا سکیں، جبکہ پولیس کی جانب سے شیر کو ٹیکساس میں ایک نامعلوم جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔