پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا سعودی ولی عہد محمدبن سلمان 16 فروری کوپاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کو دورے کی دعوت وزیراعظم عمران خان نے دی، سعودی ولی عہدحکومت میں اہم ذمہ داریوں پر براجمان ہیں، وہ سعودی عرب کے وزیردفاع اور کونسل آف منسٹر کے وائس پریذیڈنٹ بھی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہدکےوفدمیں اہم شخصیات شامل ہوں گے، وفدمیں سعودی رائل فیملی کےافراداہم وزرا اور تاجر شامل ہوں گے، یہ سعودی ولی عہد کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ پاکستان ہے۔
ترجمان نے کہا سعودی ولی عہد صدر مملکت ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ سینیٹ کا ایک وفد بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کرےگا۔
دفترخارجہ کا کہا تھا کہ وفدشامل سعودی وزرا اپنے پاکستانی ہم منصب وزراسےملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کےتاجرمختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بات چیت کریں گے، ملاقاتوں میں سرمایہ کاری کوفروغ دینےسےمتعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ دورے میں متبادل توانائی، اندرونی سیکیورٹی، میڈیا، ثقافت اورکھیل کے شعبے میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوں گے اور دونوں ممالک باہمی تعاون میں تیزی اور کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر میکنزم بھی تیار کریں گے۔
ترجمان نے کہا سعودی ولی عہدکےدورےسےباہمی تعاون کومزیدوسعت اورفروغ ملےگا۔