جیل میں وہ ٹی وی دیا گیاہے جس پرکوئی خبر نامہ نہیں آتا۔نواز شریف کا شکوہ

سابق وزیراعظم نوازشریف نےشکوہ کیا ہے کہ مجھےجیل میں وہ ٹی وی دیا ہے جس پرکوئی خبر نامہ نہیں آتا، پی ٹی وی میں کوئی خبر نہیں آتی عدالتی کارروائی دیکھنے سے محروم ہوں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کوٹ لکھپت جیل میں (ن) لیگ کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہا کہ مجھے وہ ٹی وی دیا ہے جس پرکوئی خبر نامہ نہیں آتا، پی ٹی وی میں کوئی خبر نہیں آتی عدالتی کارروائی دیکھنے سے محروم ہوں۔ پی ٹی آئی حکومت ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہی ہے، ہیلتھ کارڈ پی ٹی آئی کا نہیں ن لیگ کا منصوبہ ہے ان لوگوں کے پاس کرنے کو کچھ نہیں۔

نواز شریف سے جب اراکین نے پوچھا کہ اگر رہائی ملی تو آپ بتائیں کہ آپ اسپتال، جیل یا گھر جانا پسند کریں گے جس پر انہوں نے کہا کہ اگررہائی ملی تو رائے ونڈ جاتی عمرہ جاؤں گا اور انشااللہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ صبح سات بجے سیل کھلا تو بارش کے سہانے موسم سے خوب لطف اندوز ہوا، اگر جیل سے باہر ہوتا تو برف باری کو انجوائے کرتا۔ نواز شریف نے سہانے موسم میں دل کی بات بتاتے ہوئے کہا کہ صبح ہوتی ہے شام ہوتی زندگی یوں ہی تمام ہوتی ہے۔