کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف ایک بار پھر طبی معائنے کے لیے جناح اسپتال پہنچا دیا گیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل سےجناح اسپتال پہنچا دیا گیا، اس موقع پر جناح اسپتال کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوکارڈیک سرجری وارڈ میں رکھاجائےگا، کارڈیک سرجری وارڈ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
جناح اسپتال منتقل کرنےسے جیل کے ڈاکٹرزنے نوازشریف کا طبی معائنہ کیا ، ان کا بلڈپریشر،شوگرسمیت دیگرٹیسٹ کیےگئے ، نوازشریف کوآج بھی ہلکابخار ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔
اسپتال انتظامیہ نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں ہیں اور نواز شریف کے علاج کیلئے پرائیویٹ روم تیار کر لیا گیا ہے، اسپتال کےمتعلقہ کمروں کوسب جیل کادرجہ دیاجائےگا جبکہ ان کے وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہوگا۔
واضح رہے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔