پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناچیمہ کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیاگیا

ڈسٹرک اینڈ سیشن عدالت گجرات نے پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناءچیمہ کے قتل کے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو بری کردیا ہے ۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات امیر مختار گوندل نے گجرات کے تھانہ کنجاہ میں درج ثناءچیمہ کے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے میں نامزد ملزمان والد مصطفیٰ چیمہ، چچا مظہر چیمہ اور بھائی عدنان چیمہ کو عدم ثبوت اور گواہان کی بِنا پر بری کردیا۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں 26 سالہ پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناءچیمہ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کا مقدمہ ان کے بھائی، چچا اور والد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مذکورہ قتل کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس نے ثنا چیمہ کی قبر کشائی بھی کی تھی، جس سے حاصل کیے گئے نمونوں کی فرانزک رپورٹ میں بھی اس کی ہلاکت گلا دبانے سے بتائی گئی تھی۔

یاد رہے کہ خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 26 سالہ ثناءچیمہ کو کچھ دن قبل گھر والوں نے بہانے سے اٹلی سے پاکستان بلا کر زبردستی اس کی شادی کرنا چاہی تھی مگر ثناءنے انکار کردیا تھا۔رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ثناءکی جانب سے شادی سے انکار پر مبینہ طور پر گھر والوں نے اسے غیرت کے نام پر تشدد کر کے قتل کیا اور موت کو حادثہ قرار دے کر لاش کو دفنا دیا تھا۔