مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ ظلم کی رات کو آخر کار ختم ہونا ہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف اور مریم نواز سابق وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کے لیے جناح اسپتال پہنچے،اس موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھے، کارکنان نے دونوں رہنماؤں کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے اور نعرے بازی کی۔
(ن) لیگی رہنماؤں کی اسپتال آمد پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ نوازشریف سے ملاقات کے لیے آنے والے دیگر افراد کا اسپتال میں داخلہ بند کردیا گیا۔
شہبازشریف اور مریم نواز نے نوازشریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی جب کہ اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کا علاج ہونا چاہیے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے سفارش کی تھی کہ نواز شریف کو کارڈیک ہسپتال منتقل کیا جائے، نواز شریف کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لانا چاہیے تھا لیکن انہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ظلم کی رات کو آخر کار ختم ہونا ہی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو گزشتہ روز جیل سے جناح اسپتال کے امراض قلب وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔