کشمیریوں پر ظلم اور کلبھوشن یادیو کی خبریں دینے پر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے بھارت میں موجود ٹوئٹر کے دفتر میں ڈاکٹر فیصل کے اکاﺅنٹ کے خلاف شکایت کی جس پران کا اکاﺅنٹ معطل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹویٹر انتٖظامیہ نے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا اکاؤنٹ معطل کردیا۔ ڈاکٹر فیصل اپنے اکاؤنٹ سے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق پل پل کی خبریں دے رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ساتھ ہی وہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے سے متعلق بھی آگاہی فراہم کرتے تھے امکان ہے کہ ان ہی عوامل کی بنا پر اکاؤنٹ معطل کیا گیا۔
خیال رہے کہ ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں گوگل، فیس بک اور ٹوئٹر میں اعلیٰ عہدوں پر بھارتی شہری تعینات ہیں ۔ 2017 میں بھی برہان وانی شہید کی پہلی برسی پر ان کی تصاویر لگانے والے فیس بک صارفین کو اپنے اکاﺅنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔