ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے 13افراد کی جان لے لی

ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ہے۔ مختلف حادثات میں 13افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

بلوچستان میں تباہی مچانے والی بارش نے سیلابی صورت حال پیدا کر دی ہے، وڈھ اور بیلہ کے درمیان بارشوں کے بعد سیلابی ریلہ سنگری پل کو بہا لے گیا۔

اوتھل اور بیلہ کے درمیان درجنوں دیہات اور آر سی ڈی ہائی وے کا ایک بڑا حصہ پانی کے ریلوں کی ز د میں آگیا ہے۔

لسبیلہ، شاہ نورانی، اوتھل میں بارش کے بعدسیلابی ریلے سے درجنوں دیہات بری طرح متاثر ہوئےہیں۔

اوتھل میں سیلابی ریلہ 4افراد کو بہا لےگیا، لاپتہ ہونے والوں میں سے 2 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 2 کی تلاش اب بھی جاری ہے۔

آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا کے علاقے ریشیاں کے نالے میں برفانی تودے تلے دب کر ایک بچی جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

دیر بالا کے علاقے کاڑلونگا میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، عشیئری درہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون چل بسی، گندیگار میں مکان پر بھاری پتھر گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

رات گئے پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے روجھان میں بارش کے بعد کچے مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ملتان میں بدھلہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔