پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کوجیت کیلیے 154رنز کا ہدف دیدیا۔
اب سے کچھ دیر قبل کراچی کنگز نے 11 ویں اوور کے اختتام پر 55 رنز بنائے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ تھے۔اس وقت کریزپرعماد وسیم اور محمد رضوان موجود ہیں۔
کراچی کنگز کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر لییم لیونگسٹون حسن علی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تیسرے ہی اوور میں بی آر ڈنک 12 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن انگرم تھے جو 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 14 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت پشاور زلمی کے بیٹسمین کھل کر شارٹس نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے کے سبب مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 153 رنز ہی بنا سکے۔
اوپنر امام الحق 56 اور ڈاؤسن 43 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کامران اکمل صفر، عمر امین 15، میڈسن، پولارڈ صفر اور وہاب ریاض بھی صفر پر پویلین لوٹے، کپتان ڈیرن سیمی 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز اور پشاور زلمی ٹورنامنٹ میں اب تک دو دو میچز کھیل چکی ہیں، کراچی کنگز کو ایک میچ میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی جب کہ پشاور زلمی بھی ایک میچ میں فاتح رہی اور دوسرے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر رن ریٹ کے اعتبار سے پشاور زلمی دوسرے اور کراچی کنگز پانچویں نمبر پر موجود ہے۔