عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی روش کسی صورت قابل قبول نہیں،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی روش کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے سرگودھا ڈویژن کے ممبران قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک عمر اسلم ، ملک احسان اللہ ٹوانہ، امجد علی، ثنا اللہ مستی خیل، ڈاکٹر افضل خان ڈھانڈلہ، چوہدری عامر سلطان چیمہ، جویریہ ظفرآہیر، معاون خصوصی نعیم الحق، ارشد داد اور ترجمان ندیم افضل گوندل بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیر اعظم کی جانب سے چوہدری عامرسلطان چیمہ کو منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ منتخب نمائندوں نے وزیر اعظم کو انتظامیہ اور پولیس سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیوروکریسی کو مکمل طورپرغیرسیاسی بنانا اورپبلک سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا حکومت کا منشورہے، عوامی نمائندے بدعنوانی، رشوت خوری اوراقربا پروری میں ملوث عناصرکی نشاندہی کریں اورسرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی روش کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی اوران کے حل کویقینی بنانے کے لیے متحرک کردارادا کریں، سرکاری افسران عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی پرمن وعن عمل کو یقینی بنائیں، سرکاری میٹنگزکی آڑ میں عوام الناس کو گھنٹوں انتظارکرانے کی روش برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرسکھانے، زراعت کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جب کہ ملک میں غریب اور مستحق افراد کی مدد ومعاونت کے لیے مفصل پروگرام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔