سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور پلوامہ حملے کے بعد بھارتی الزامات کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی۔
سینیٹ اجلاس میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور پلوامہ حملے کے بعد بھارتی الزامات کے خلاف قرارداد پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جب کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ پلوامہ حملے کی تحقیقات کے لیے حکومت پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے، مسئلہ کشمیر پر او آئی سی اپنا کردار ادا کرے اور او آئی سی کے اجلاس میں بھارت کو نہ بلایا جائے۔