پاک فوج کے زیر حراست بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا نیا ویڈیو پیغام منظر عام پر آگیا۔
زیر حراست بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کے ساتھ پاک فوج کا رویہ انتہائی متاثر کن ہے۔
پائلٹ نے کہا کہ ’ میں ریکارڈ کیلیے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر بھارت واپس گیا تو بھی میں اپنا بیان نہیں بدلوں گا، پاکستانی آرمی کے افسران بہت اچھے لوگ ہیں جنہوں نے میرے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کیا، میں پاک فوج کے اس لیفٹیننٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے مشتعل پاکستانیوں کے ہجوم سے مجھے بچایا‘۔
خیال رہے کہ جس وقت بھارتی طیارہ گرا اور پائلٹ ابھی نندن پاکستانی حدود میں باہر آیا تو وہ پاکستانیوں کے ہتھے چڑھ گیا تھا ۔
پاکستانیوں نے چشمے کے پانی میں لٹا کر بھارتی پائلٹ کو خوب دھویا ۔ تصاویر میں ابھی نندن کے چہرے پر نظر آنے والا خون بھی پاکستانی عوام کے تشدد کی وجہ سے ہی ہے۔
پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر مشکل سے عوام کو قابو کیا اور بھارتی پائلٹ کی جان بچائی۔ ابھی نندن کی پاکستانی عوام کے ہاتھوں بننے والی درگت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن نے مزید کہا کہ اسے پاک فوج کے رویے نے بہت متاثر کیا ہے اور وہ امید رکھتا ہے کہ بھارتی فوج بھی ایسا ہی رویہ اختیار کرے گی۔
بھارتی پائلٹ نے بتایا کہ وہ شادی شدہ ہے اور اس کا تعلق بھارت کے جنوبی علاقے سے ہے۔ ابھی نندن کو پاک فوج کی چائے بھی بہت پسند آئی۔