پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی خاتون اپنے سسرال بھارت روانہ نہ ہو سکیں، ویزے کی میعاد بھی ختم ہو گئی۔
بھارتی حکام نے انڈین شہریت رکھنے والی خاتون کے2 بچوں کو جانے کی اجازت دیدی تاہم خاتون نے بچوں کو اکیلے بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا۔
پاکستانی خاتون سمیرا فاروقی کی شادی بھارت کے شہر حیدر آباد میں ہوئی، وہ اپنے اہلخانہ سے ملنے پاکستان آئی ہوئی تھیں، اسی دوران دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باعث بھارت روانہ نہ ہو سکیں۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پروازیں بند ہونے کی وجہ سے خاتون مسافر سمیرا فاروقی بھارت نہ جا سکیں، ویزہ کی مدت ختم ہونے پر خاتون نے اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے رابطہ کیا تو انہوں نے ویزہ دینے سے انکار کر دیا۔
خاتون کے دونوں بچوں کے پاس بھارتی شہریت ہے، انہیں بھارت جانے کی اجازت دے دی گئی تاہم سمیرا فاروقی نے بچوں کو اکیلے بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا، بچوں کے پاکستانی ویزہ کی مدت اکتوبر میں ختم ہو گی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون سمیرا فاروقی نے دوبارہ بھارتی ویزے کے لیے درخواست دے دی ہے، ویزا ملنے پر ہی وہ بھارت روانہ ہوسکیں گی۔