مودی جنگ چاہتے ہیں جبکہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا۔ فواد چوہدری

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مودی جنگ چاہتے ہیں جبکہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دینا جانتے ہیں،ہم بھارت سے 3جنگیں لڑ چکے ہیں تو ایک اور جنگ بھی لڑسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعے پر کوئی شواہد نہیں دیئے، ہم نے بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جنگ کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جب کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینا جانتے ہیں

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت دہشت گردی سے پاکستان کو کمزورکرنےکی کوشش کررہاہے، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کرارہا ہے.

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کےدرمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیرہے، اس مسئلے کو مذاکرات سے حل کیا جانا چاہیے، وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی، بھارت نے اس کا بھی جواب نہیں دیا۔