وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم ہمیں سفارتی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے، آنے والے دنوں میں امتحان آنے ہیں تاہم ہم پراعتمام طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابھی امتحان جاری ہے اور امتحان ختم نہیں ہوا، بھارت سارک کو یرغمال بنا چکا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل ہوا اور معاشی اعتبار سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کی کرن نظر آ رہی ہے اور ناامیدی میں امید کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے، پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمشیہ کہا کہ افغان مسئلہ مذاکرات سے حل ہوگا اور ان کے اس بیان پر انہیں طالبان خان کا طعنہ دیا گیا تاہم آج عمران خان کے مؤقف کو تسلیم کیا گیا، آج امریکا، افغانستان دوحا میں مذاکرات کر رہے ہیں۔