کوئٹہ : بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا،قلات میں بارش کے ساتھ برفباری نے سردی بڑھا دی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ، چمن، کوہلو، قلعہ عبداللہ اورقلات سمیت مختلف مقامات پر بادل خوب برسے جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔
سرمئی گھٹاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ رم جھم پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا، چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان، دوبندی اور جنگل پیرعلی زئی میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی ۔
موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ مستونگ، بولان، مچھ اور دکی میں بھی ٹپ ٹپ برستی بوندوں نے سردی بڑھادی۔ قلات میں بارش کے ساتھ برفباری بھی ہوئی، ہربوی کے پہاڑوں پر ایک فٹ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔