ملزمان نے سینٹر میں اندر جانے سے روکنے پر پولیس پر تشدد بھی کیا۔فائل فوٹو
ملزمان نے سینٹر میں اندر جانے سے روکنے پر پولیس پر تشدد بھی کیا۔فائل فوٹو

کراچی پولیس کا بیوی پر تشدد-شوہر کو گولی مارنے کی کوشش

کراچی میں سی ویو کے ساحل پر ساہیوال جیسا سانحہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ پولیس اہلکاروں نے میاں بیوی کو روک کر رقم طلب کی۔ بیوی پر تشدد کیا اور شوہر کو گولی مارنے کی کوشش کی۔ ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس چیف امیر شیخ نے دو پولیس اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے ان کی برطرفی کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں منگل کی صبح ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں موٹرسائیکل پر سوار ایک سادہ لباس اہلکار اور ایک وردی پوش کانسٹیبل کو ایک جوڑے سے بحث کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو بنانے والا بظاہر شوہر ہے جو پولیس کی جانب سے دھمکیوں پر احتجاج کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ویڈیو لائیو نشر ہو رہی ہے۔ پولیس کانسٹیبل اس دوران ویڈیو بنانے والے کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے اور کلاشنکوف لوڈ کرتا ہے، خاتون اسے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے چیختی ہے۔ مرد  اپنی جان بچانے کے لیے دور بھاگتا ہے۔ پولیس اہلکار خاتون پر تھپڑ برساتے ہوئے مرد کے پیچھے لپکتا ہے۔

یہ ویڈیو منگل کی صبح سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے جوڑے کوتھانے بلایا چائے پلائی۔ اس دوران دونوں پولیس اہلکاروں جن کی شناخت خود پولیس نے اے ایس آئی ذوالفقار اور اہلکار احمد خان کے ناموں سے کی ہے کو لاک اپ میں بند کردیا گیا۔ پولیس کے میڈیا سیل نے ملزمان کی تصاویر بھی جاری کیں۔

کراچی پولیس کے ایک بیان کے مطابق پولیس چیف نے دونوں اہلکاروں کو برطرف کردیا ہے۔ اس سے پہلے چار اہلکاروں کو برطرف کرنے کی اطلاعات آئی تھیں تاہم اس کی تردید کی گئی تھی۔