جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں کراچی سے مزید 2 ملزمان گرفتار

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے کراچی سے مزید دو افراد کو گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کردیا، ریمانڈ کی درخواست پر عدالت نے ملزمان کا 9 دن کا ریمانڈ دیتے ہوئے اگلی پیشی پر دونوں ملزمان عبدالجبار اور محمد شبیر کو پہلے سے گرفتار ملزم آفتاب میمن کے ساتھ پیش کرنے کا حکم دیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے کراچی سے مزید دو افراد عبدالجبار اور محمد شبیر کو گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کردیا، دونوں ملزمان کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا، سماعت کے دوران نیب نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے، ملزمان نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق دونوں ملزمان عبدالجبار اور محمد شبیر نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ سےمل کر زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کرائی اور جعلی اکاؤنٹس سےاس زمین کیلئےادائیگیاں کی گئیں۔

ملزم عبدالجبار نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی میں پیش ہوا تھا، جے آئی ٹی سے واپسی پر مجھے اغوا کرلیا گیا، میں ان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں، ملزم نے استدعا کی کہ اپنے خاندان سے 5 ماہ سے نہیں مل سکا ملنے کی اجازت دیں جس پر عدالت کا ملزمان کو سگے رشتے داروں سے ملوانے کا حکم دیا۔

نیب نے عبدالجبار اور محمد شبیر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو عدالت نے ملزمان کا 9 دن کا ریمانڈ دیتے ہوئے اگلی پیشی پر دونوں ملزمان کو پہلے سے گرفتار ملزم آفتاب میمن کے ساتھ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔