مشال خان قتل کیس کا فیصلہ محفوظ، 16 مارچ کو سنایا جائے گا

پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مشال خان قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیاہے۔ دونوں فریقین کے وکلا نے اپنے دلائل بھی مکمل کرلئے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت 46 گواہان اور مشال کے والد کا بیان پہلے ہی ریکارڈ کرچکی ہے۔ عدالت نے مختصر حکم میں کہا کہ کیس کا فیصلہ 16 مارچ کو سنایا جائے گا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے مشال خان کیس میں ایک ملزم کو سزائے موت اور چار کو عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس فروری کے آخر میں عدالت نےمشال خان قتل کیس میں 25 ملزمان کی سزائیں معطل کردی تھیں۔

پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں کیس سے متعلق سزائوں کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی تھی جس کے بعد یہ فیصلہ دیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت ایبٹ آباد نے مشال خان قتل کیس میں 25 ملزمان کو چار چار سال قید کی سزائیں دی تھیں جنہیں ملزمان نے ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔