افغانستان کے صوبہ غزنی کے علاقے اندر میں امریکی ڈرونز نے ایک سویلین گاڑی پر میزائل حملہ کیا جس کے بعد گاڑی سے لاشیں نکالنے والے افراد پر بھی میزائل برسا دیئے گئے۔ ان دونوں حملوں کے نتیجے میں 15 شہری شہید ہوگئے۔
حملوں کے بعد افغان شہریوں نے غزنی میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
افغان صحافیوں کے مطابق ضلع اندر میں پہلے ڈرون حملے میں جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اس میں عام شہری سفر کر رہے تھے۔ حملے کے بعد مقامی لوگ گاڑی کے گرد جمع ہوگئے اور لاشوں و زخمیوں کو نکال رہے تھے کہ امریکی ڈرون نے ایک اور حملہ کردیا۔ مرنے والوں میں کم سن بچے بھی شامل ہیں۔
ان حملوں کے بعد مقامی افراد نے شہید ہونے والوں کی لاشیں گاڑیوں میں ڈالیں اور دارالحکومت غزنی پہنچ گئے جہاں انہوں نے بلخ دروازے کے علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں غزنی سے بھی سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔
لوگوں نے اشرف غنی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور لاشیں سڑک پر رکھ دیں ۔ احتجاجی مظاہرے سے کابل قندھار شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔