مقدمہ منتقل ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آصف زرداری

کراچی کی بینکنگ کورٹ میں چلنے والے میگا منی لانڈرنگ کیس کو نیب کی درخواست پر کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مقدمہ منتقل ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

نجی ٹی وی کے مطابق بینکنگ کورٹ کراچی میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران گرفتار ملزمان حسین لوائی اور عبدالغنی مجید عدالت میں پیش ہوئے۔ بینکنگ کورٹ نے سماعت کے دوران مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا۔

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی واپس لےلی ہیں جبکہ تمام ملزمان کے زرِ ضمانت بھی خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔

گزشتہ سماعت پر کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا, عدالت نے محفوظ فیصلہ آج سنا تے ہوئے کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

بینکنگ کورٹ میں آج پیشی کے بعد آصف علی زرداری سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کاکیس اسلام آباد منتقل ہوگیا ہے تو کیا کہیں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کیس ٹرانسفر ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وکلاء ہی اس بارے میں اپنی رائے دےسکتے ہیں۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف آصف علی زرداری اور فریال تالپوری کی جانب سے ایک دو روز میں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔