احتساب عدالت اسلام آباد نے ملزم کے گھر سے کھانا لانے کی درخواست مسترد کردی

احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں کراچی سے گرفتار ملزمان کو 10 روز جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا جبکہ گھر سے کھانا لانے کی درخواست مسترد کردی۔

جج احتساب عدالت نے ملزم نجم زمان کی گھر سے کھانا لانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملاقات کی اجازت دے سکتاہوں ،کھانے کی نہیں،پتہ نہیں آپ کو کھانے میں کچھ کھلادیں، بات نیب پرآجائے۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں کراچی سے گرفتار ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کردیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنس کی سماعت کی۔

عدالت نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں نجم زمان اور حسن میمن کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، دوران سماعت ملزم نجم زمان کی اہلیہ گھرسے کھانے لانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ خاوند کو کھانا دینا چاہتی ہوں اجازت دی جائے ۔جج احتساب عدالت نے کہا کہ آپ کھانے میں زہر ملاکر دیں توکون ذمہ دار ہوگا؟ اس پر ملزم کی اہلیہ نے کہاکہ اللہ معاف کریں میں زہرکیوں دوں گی ۔جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ تو نہیں دیں گی مگر رسک نہیں لیا جا سکتا۔

جج احتساب عدالت نے ملزم کی اہلیہ کی کھانے دینے کی درخواست پر سبق آزمود واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک دفعہ ملزم نے بیٹے سے ایک کروڑکے واجبات ادائیگی کا کہا، باپ نے کہاایک کروڑ سے مجھے رہائی مل سکتی ہے تو بیٹے نے انکار کردیا اور کہا ابا جی آپ کی عمررہ کتنی گئی ہے؟۔