سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد

لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ واقعے کی تحقیقات کرنے والے فاضل جج شکیل احمد گورائیہ نے جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کی ۔

دوران سماعت سانحہ ساہیوال کے متاثرین نے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی لیکن چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے استدعا مسترد کرتے ہوئے متاثرین کے وکیل سے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنانا وفاقی حکومت کا کام ہے، یہ ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے انکوائری ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ جوڈیشل انکوائری آفیسر شکیل احمد گورائیہ نے 49 گواہوں و عینی شاہدین، ملزمان، پولیس اور سی ٹی ڈی افسران کے بیان قلمبند کیے۔