وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ قوم جلد عافیہ صدیقی کے حوالے سے خوشخبری سنے گی۔
گوجرانوالہ میں وزیراعظم شکایت ونگ کو موصول شدہ شکایات و درخواستوں پر کمشنر آفس میں کھلی کچہری ہوئی جس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی شرکت کی۔
کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو میں علی محمد خان کا کہنا تھا کہ جب کلثوم نواز بیمار تھی تو وزیر اعظم اور میں نے ان کیلیے دعائیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے نیب کے کیسز سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں اور حکومت نوازشریف کے علاج کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
سابق صدر آصف زرداری سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ یہ اللہ کو پتہ ہے کہ آصف زرداری جیل جائیں گئے یا کہیں اور؟
ایک سوال کے جواب میں علی محمد خان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے حوالے سے قوم جلد خوشخبری سنے گی اور عوام کا اس وقت اعتماد صرف عمران خان پر ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے افواہیں سرگرم تھیں جس پر ترجمان دفترخارجہ نے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔