نیدرلینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ اتریخت شہر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں کسی پاکستانی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور نے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں کسی پاکستانی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں، تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔
پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو باہر نہ نکلنے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔
یاد رہے کہ نیدرلینڈ کے شہر اُتریخت شہر میں ٹرام پر فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کے بعد مساجد اور دکانیں بند کرا دی گئیں۔ تعلیمی اداروں کو بھی لاک کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پورے ملک میں خوف وہراس پھیل گیا ہے، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ اُتریخت شہر میں دہشتگردی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ڈچ پولیس نے واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا ہے۔