پاکستانیوں نے اپنے جذبہ حب الوطنی میں نہ صرف پڑوسی ملک بھارت کو مات دے دی بلکہ ایشیا میں سب سے زیادہ محب وطن قوم ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
گیلپ کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں ایک سروے رپورٹ جاری کی گئی تھی جو 61 ممالک کے جذبہ حب الوطنی کے نتائج پر مشتمل تھی۔
سروے کے مطابق پاکستان کے 89 فیصد شہری اپنے ملک کیلیے نہ صرف لڑنے کو تیار ہیں بلکہ اپنے ملک پر جان نچھاور کرنا اپنے لیے سعادت کا باعث سمجھتے ہیں۔
سروے میں پڑوسی ملک بھارت کے صرف 75 فیصد لوگوں نے اپنے دیس کیلیے لڑنے کا جذبہ ظاہر کیا تھا۔
گیلپ کے اس سروے میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لوگوں میں سب سے زیادہ حب الوطنی پائی گئی جبکہ مغربی یورپ کے صرف 25 فیصد لوگ ہی اپنے وطن پر جان نچھاور کرنے پر رضامند ہوئے۔
سروے میں یہ سامنے آیا کہ جن ممالک نے حال ہی میں تنازعہ (اندرونی یا بیرونی) کا سامنا کیا ہے وہاں کے لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ ان ممالک کے شہریوں سے زیادہ ہے جہاں ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
حب الوطنی کے معاملے میں موروکو اور فیجی کے لوگ پہلے نمبر پر آئے جہاں کے 94 فیصد شہریوں نے ملک کے لیے لڑنے کا جذبہ ظاہر کیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستانی قوم نہ صرف ایشیا میں پہلے نمبر پر آئی بلکہ مجموعی طور پر دنیا میں تیسرے نمبر پر آئی ہے۔