سلمان رفیق اور سعد رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع

پیرا گون ہاؤسنگ کیس میں سلمان رفیق، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا، عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔

سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔

عدالت نے کہا کہ اب تو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں چل رہا ہے۔

خواجہ سلیمان رفیق نے عدالت کو بتایا کہ ان کے بھائی خواجہ سعد رفیق اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی وجہ سے اسلام آباد میں ہیں۔

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر بیمار ہے جس وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا۔

عدالت نے حکم دیا کہ اس کی جگہ کوئی اور تفتیشی افسر پیش ہو جائے،آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کمرۂ عدالت میں پیش ہو۔

 

عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کر دی۔