جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں آصف زرداری اور بلاول آج نیب میں پیش ہوں گے.نیب نے سیکیورٹی کےلیے اسلام آباد انتظامیہ اورپولیس کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم نے دونوں کے لیے سوالات تیار کرلیے، پیپلز پارٹی چیئرمین اپنے وکلا اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پیش ہوں گے۔
بلاول بھٹو سےاظہار یکجہتی کےلیے ملک سے جیالوں کو راولپنڈی پہنچنے کا حکم دیدیا گیا ہے، پنجاب قیادت صبح لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گی۔
نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سوالنامہ ان کے حوالے کرے گی۔ 124 سوالات پارک لین کمپنی سے متعلق ہوں گے جس میں اربوں روپے کی جعلی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔
پارک لین کمپنی کی 2008ء کی دستاویز پر آصف زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط ہیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی رہنما فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی سوالنامہ نہیں ملا۔
ادھر نیب میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی کے موقع پر صورتحال کے پیش نظر ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے سیکیورٹی کیلیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔
پولیس نے نیب حکام کے کہنے پر جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا ہے،550 پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار معمول کے گشت پر تعینات رہیں گے جبکہ فیض آباد نادرا چوک پر پولیس کی ریزرو فورس تعینات رہے گی۔