ایبٹ آباد میں برفانی تیندوے نے 8 سالہ بچے کو اپنا شکار بنا لیا۔
پولیس کے مطابق شانتی گاؤں کا رہائشی 8 سالہ صفیان اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا جب اس پر تیندوے نے حملہ کیا اور دبوچ کر لے گیا۔
مقامی افراد نے بتایا کہ ’گزشتہ رات کھائی کے قریب بچے کی لاش ملی اور دوپہر کے اوقات میں بچے کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘۔
مقامی رہائشی سردار محمد اقبال نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف پر زور دیا کہ وہ برفانی تیندوے کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع نا ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ موسم سرما میں غیرمعمولی برفباری ہوئی جس کے بعد جنگلی حیات مثلا تیندوے نے گلیات کا رخ کیا جہاں آبادی نسبتاً کم ہے اور اب تیندوے مقامی افراد اور ان کے پالتو مویشوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
محمد اقبال نے کہا کہ اسکول جانے والے بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے برفانی تیندووں کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے کے لیے کیمرے نصب کرنے کی ضرورت ہے۔