ساڑھے7 ہزار کے قریب گھر  جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔فائل فوٹو
ساڑھے7 ہزار کے قریب گھر  جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔فائل فوٹو

افغانستان میں سیلاب سےہلاکتوں کی تعداد 63ہوگئی

افغانستان کے صوبے ہرات میں سیلاب سے 13افراد کے جاں بحق ہونے سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 63ہوگئی ہے،مرنے  والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ سیلاب سے ایک لاکھ 20ہزار سے زائد شہری متاثر ہوئے ہیں۔

غیر ملکی  خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاک والوں کی تعداد 63ہوگئی ہے، مختلف ہسپتالوں میں 50سے زائد زخمی زیر علاج ہیں جب کہ سیلابی صورت حال سے متاثرہ شہریوں کی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 6 سو  ہوگئی ہے اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے اداروں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے متاثرین کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔

شدید بارشوں سے افغانستان کے 34 میں سے 14صوبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جہاں 5ہزار مکانات مکمل طور پر تباہ اور ساڑھے7 ہزار کے قریب گھر جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں یہ شدید بارشیں گزشتہ کئی برسوں سے جاری خشک سالی کے بعد ہوئی ہیں، تاہم اس بار برسات نے پورے ملک میں بری طرح تباہی مچادی ہے جب کہ ناکافی سہولیات کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔