جماعت اسلامی نے مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل سے باضابطہ علیحدگی کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت متحدہ مجلس عمل سے علیحدگی اختیار کر رہی ہے اور اس فیصلے کے بارے میں ایم ایم اے قیادت کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی انتخابی میدان میں اپنے پلیٹ فارم سے اپنے پرچم اور اپنے نشان پر حصہ لے گی۔
جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری اور قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں منعقدہ ایم ایم اے کے اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کے ہمراہ شرکت کی اور ایم ایم اے کی قیادت کو جماعت اسلامی کی حکمت عملی اور مرکزی شوریٰ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی اسلامی نظریاتی سرحدوں ، اسلامی قوانین کی حفاظت ، ملک سے سود کے خاتمہ اور دینی ایشوز پر دینی جماعتوں کا بھر پور ساتھ دے گی البتہ سیاسی و انتخابی میدان میں اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرے گی۔