آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع

کراچی کی احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈمیں مزید10 روز کی توسیع کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

اسپیکر آغا سراج درانی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے چھوٹے سے اندھیرے کمرے میں رکھا گیا ہے،اخباراور ٹی وی کی سہولت نہیں اور گھروالوں سے بھی ملنے نہیں دیا جاتا۔

وکیل نیب نے بتایا کہ بارہ بجے سو کراٹھتے ہیں ،ناشتہ کرکے اخبار پڑھتے ہیں ،شکایت پر آغا سراج درانی کے کمرے میں اے سی لگا دیا گیا ہے جس پر عدالت نے مزید 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے سپرد کردیا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ آج تک نیب افسران ایک بار تفتیش کیلئے آئے ،نیب کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ میرے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو نیب افسران تنگ کرتے ہیں ،میرے دوستوں اور ان کے اہلخانہ کو بھی تنگ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ میرے گاﺅں جا کر نوکروں تک کے گھروں کی تلاشی لی گئی ۔