اسلام آباد پولیس نے پیپلز پارٹی کے سینیٹرمصطفٰی نواز کھوکھر کی گرفتاری کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا،ترجمان چیئرمین پیپلزپارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے حفاظتی ضمانت کرالی۔
سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے سیشن کورٹ سے حفاظتی ضمانت لی جبکہ صدر پیپلزپارٹی اسلام آباد راجہ شکیل کی بھی حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔
ترجمان بلاول بھٹو مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ایسے مقدمے جمہوری سیاسی کارکنوں کے لیے تمغے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اپنی ریاستی طاقت جمع کریں ، جیالے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آئندہ پیشی پر ملک بھر سے کارکن قیادت سے اظہار یکجہتی کے لیے آئیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پیپلز پارٹی کے سینیٹرمصطفٰی نواز کھوکھر کی گرفتاری کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔
پولیس نے اپنے خط میں مصطفی نواز کھو کھر کی گرفتاری کی پیشگی اجازت کی درخواست دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول کی پیشی کےموقع پر بلاول بھٹو زرداری کےترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر پولیس سے الجھ پڑے تھے۔