کرپشن کے خاتمے کے لیے معلومات کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے، مہاتیر محمد

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کرپشن کے خاتمے کے لیے معلومات کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے، آج ایک مسلم ملک بھی ترقی یافتہ نہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ پاکستان آنے پر بہت خوش ہوں اور اس کی ترقی میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان سے معاشی تعلقات کے فروغ اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے کیا خرید و فروخت کرسکتے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کی طرح ہمیں بھی کرپشن پر بہت تشویش ہے، اسلامی ممالک غریب نہیں بلکہ کرپشن کی وجہ سے غریب ہوجاتے ہیں، اسی لیے ملائیشیا میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام سے نفرت کا مقابلہ طاقت سے نہیں بلکہ محبت سے کرنا ہوگا، کرائسٹ چرچ کا واقعہ مسلمانوں سے نفرت، خوف اور دشمنی کی وجہ سے پیش آیا، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے نئے طریقے ڈھونڈنے ہوں گے۔