یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ، مہمان خصوصی ملائیشین وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کی شرکت

ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ جاری ہے جس میں چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہیں۔

پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جو صدرِ مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں سروسز چیفس کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر براجمان ہیں۔

صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور تلاوتِ کلامی پاک کی گئی۔

تقریب میں غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک ہیں۔ اس کے علاوہ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارتکار اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شریک ہیں۔مسلح افواج کے دستے نے سپریم کمانڈر صدرِ مملکت عارف علوی کو سلامی پیش کی۔

یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔